Sunday, 30 August 2015

سعودی عرب میں آتشزدگی سے 11 ہلاک، 200 زخمی


سعودی عرب میں حکام کے مطابق ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں کئی ممالک کے شہری شامل ہیں اور ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
سعودی عرب کے مشرقی شہر ُخبر میں آتشزدگی کا واقعہ سرکاری آئل کمپنی آرامکو کے ملازمین کے زیر استعمال رہائشی کمپلیکس میں پیش آیا۔
سعودی عرب کے ایک ترجمان نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ متاثرہ عمارت کی چھت پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔
سعودی شہری دفاع کی وزارت نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ:’ کئی منزلہ عمارتوں کے ایک زیریں حصے میں کاروں اور فرنیچر کو آگ لگنے کے نتیجے میں ہر طرف دھواں پھیلنے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘
سعودی عرب میں زیادہ تر کمپنیوں کی طرح آرامکو کے پچاس ہزار سے زیادہ ملازمین میں اکثریت غیر ملکیوں کی ہے۔
آرامکو کے مطابق اس نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ ملازمین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ایک عینی شاہد محمد صدیق نے بتایاکہ انھوں نے اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے رہائشی کمپلیکس سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے اور وہاں ہیلی کاپٹر پروازیں کر رہے تھے۔
محمد صدیق کے مطابق انھوں نے کم از کم 30 ایمبولینس اور تین ہیلی کاپٹر دیکھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ رہائشی کمپلیکس میں واقع عمارتیں قدرے نئی ہیں اور ان میں مغربی، ایشیائی اور سعودی شہری رہائش پذیر ہیں جبکہ آرامکو کمپنی کے گارڈز کے پاس اس کی سکیورٹی ذمہ داریاں ہیں۔
سعودی عرب میں اس سے پہلے بھی غیر ملکی ملازمین کی رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں سال مئی میں دارالحکومت ریاض میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں پانچ پاکستانی ہلاک ہو گئے تھے۔

0 comments:

Post a Comment